اداکارہ نادیہ خان کے ساتھ سائبر فراڈ،لاکھوں کا چونا لگانے والا گرفتار

2.jpg

اداکارہ و میزبان نادیہ خان کے ساتھ آئن لائن دھوکا، سائبر فراڈ کرنے اور ان کے یوٹیوب چینل کی کمائی اپنے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرنے والے آئی ٹی ماہر کو پکڑ لیا گیا، ایف آئی اے سائبر کرائم نے اداکارہ کے ہیک ہونے والے یوٹیوب چینل کو بحال کرنے والے آئی ٹی ماہر حماد سمیع کو گرفتار کرکے ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔

ملزم حماد سمیع نے گزشتہ سال ستمبر میں اداکارہ کے ہیک ہونے والے یوٹیوب چینل کو بحال کیااور اسی دوران چینل سے ہونے والی آمدنی اپنے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کروالی، جب نادیہ خان کو اس دھوکا دہی کا علم ہوا تو انہوں نے ایف آئی اے سائبر کرائم سے رجوع کیا اور ملزم کے خلاف فراڈ کی شکایت درج کروادی۔


ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم عمران ریاض نے بتایا کہ ایف آئی اے نے نادیہ خان کی شکایت پر کارروائی کی اور سائبر فراڈ میں ملوث ملزم حماد سمیع کو گرفتار کیا، ملزم کیخلاف مزید کارروائی جاری ہے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹرکا کہنا تھا کہ آئی ٹی ایکسپرٹ نے اداکارہ کو مالی نقصان پہنچایا، اس نے یوٹیوب چینل میں گوگل پبلشر آئی ڈی اور بینک تفصیلات تبدیل کر دیں جس سے نادیہ خان کے یوٹیوب چینل کی تمام کمائی آئی ٹی ایکسپرٹ کو جانے لگی،اداکارہ اور میزبان نادیہ خان نے 2017 میں یوٹیوب چینل بنایاتھا، ان کے یوٹیوب پر ساڑھے آٹھ لاکھ کے قریب سبسکرائبرز ہیں۔