الیکشن کمیشن نے 150 سے زائد اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کر دی

8ecprukniwtmoatal.jpg

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہ کروانے والے اراکین پارلیمنٹ کے خلاف ایکشن لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے 150 سے زائد اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کردی ہےجن میں پنجاب اسمبلی کے69 ، قومی اسمبلی کے 36 ، خیبر پختونخوا اسمبلی کے21، سندھ کے 14، بلوچستان اسمبلی کے7 جبکہ سینیٹ کے 3 اراکین شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اثاثہ جات کی تفصیلات وگوشوارے الیکشن کمیشن میں جمع نہ کروانے پر ان اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے ، یہ اراکین سینیٹ و متعلقہ اسمبلیوں کے
اجلاسوں میں شریک نہیں ہوسکیں گے اور نہ ہی کسی قسم کی قانون سازی کے عمل میں حصہ لے سکیں گے۔


جن اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ان میں موجودہ کابینہ کے رکن وزیر توانائی حماد اظہر، وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور وزیر مذہبی امور نورالحق قادری شامل ہیں۔

اسی طرح حکمران جماعت کے راجہ ریاض، صداقت عباسی، عامر لیاقت، سردار یار محمد رند ،فہمیدا مرزا اورخالد مقبول صدیقی بھی رکنیت معطل کروانے والے اراکین میں شامل ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کی رکنیت بھی معطل کی گئی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے سینیٹر مصدق ملک، سینیٹر سکند مندھرو اور پنجاب اسمبلی کے رکن اویس لغاری کی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔