اورنج لائن ٹرین کے کرایوں میں ردوبدل کا امکان

prii1h1h1111.jpg


لاہور کی اورنج لائن میٹرو ٹرین کےکرایوں میں ردوبدل کیلئے سمری پنجاب کابینہ کو بھجوادی گئی ہے۔

خبررساں ادارےکی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے کرایوں میں ردوبدل کیلئے صوبائی کابینہ کو سمری بھجوائی گئی ہے جس میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے کرایے کو فاصلےکے مطابق مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سمری میں کم سے کم کرایہ 20 روپے اور زیادہ سے زیادہ کرایہ 40 روپے تک مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ نے تجویز دی ہے کہ سفر کےفاصلے کے اعتبار سے کرایے میں کمی یا اضافہ ہونا چاہیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کی منظوری کے بعد نئے کرایے لاگو کردیئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ کی زیرصدارت اجلاس اجلاس ہوا ، جس میں اورنج لائن میٹرو ٹرین میں بزرگوں اور خصوصی افراد کو مفت سفر کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا /

اس موقع پر پرویز الہیٰ نے کہا کہ خواتین اور طلبا کو بھی اورنج، میٹروٹرین کے کرائے میں رعایتی پیکیج دیا جائے گا، اورنج لائن میٹرو ٹرین کے اسٹیشنز پر سولر سسٹم بھی لگائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اورنج لائن میٹروٹرین کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا جائزہ لینے کے لیے ایڈوائزری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جبکہ الیکٹرک بس کا پہلا پائلٹ پراجیکٹ لاہور میں شروع کیا جائے گا، عوام کو جدیدترین ماحول دوست بسوں میں سفر کی بہترین سہولتیں فراہم کریں گے۔