برطانیہ : سابق بھارتی کرکٹر کو 3 سال قید کی سزا سنا دی گئی

crickt%20ind.jpg


برطانوی عدالت نے جعلی شناخت کے ساتھ رہائش اختیار کرنے والے سابق بھارتی کرکٹر کو 3 سال قید کی سزا سنا دی۔

تفصیلات کے مطابق ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود پچھلے 7 سال سے جعلی شناخت کے ساتھ برطانیہ میں رہائش اختیار کرنے والے سابق بھارتی کرکٹر ہرشل پٹیل کو عدالت نے تین سال قید کی سزا سنا دی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق 12 سال قبل سابق بھارتی کرکٹر ہرشل پٹیل تین سالہ اسٹوڈنٹ ویزے پر برطانیہ آئے تھے، ویزا کی معیاد ختم ہونے کے بعد ہرشل نے جعلی شناخت اختیار کر لی اور ملیون ڈیاس نامی برطانوی شہری کی شناخت پر پچھلے 7 سال سے برطانیہ میں رہائش اختیار کر لی۔

2246460-harshalpatel-1636729013-731-640x480.jpg


برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ جعلی شناخت کا قصہ اس وقت کھلا جب اصلی میلون ڈیاس کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے ایک میڈیکل سینٹر گئے جہاں انہیں بتایا گیا کہ ان کی ویکسینیشن کافی وقت پہلے ہی ہوچکی ہے جس پر وہ حیران رہ گئے۔

جیسے ہی میلون کو شناخت چوری ہونے کا علم ہوا انہوں نے پولیس میں شکایت درج کرادی، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر کو گرفتار کرلیا۔

ہرشل پٹیل کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کیا جس پر اسے 3 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

ہرشل پٹیل نے جعلی شناخت پر ایک کمپنی میں ملازمت اختیار کر کے 23 ہزار پاؤنڈز کمائے جبکہ جعلی شناخت کے لیے 65 ہزار پاؤنڈز خرچ کیے۔ ہرشل پٹیل نے جعلی شناخت پر شادی کی اور ڈرائیونگ لائسنس بھی بنوایا۔