بھارت: بیوی نے زیورات گروی رکھ کر شوہر کا قتل کروادیا

wife-husband-gaya-1-11.jpg


بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے ضلع گایا میں ایک خاتون نے اپنے زیورات کو گروی رکھ کر شوہر کے قتل کے لیے پیسے جمع کیے۔ پیسے لیکر قتل کرنے والے بدمعاشوں سے دو لاکھ روپے میں قتل کا معاہدہ ہوا۔ خاتون نے اپنے عاشق ذیشان سے مل کر شوہر طیب علی کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ ضلع گایا میں تقریبا دو ماہ قبل 20 اکتوبر کو روبی شنگار شاپ پر کام کرنے والے طیب علی کو کسی اور نے نہیں بلکہ اس کی بیوی نے ہی قتل کرایا تھا۔ قاتلوں کو پیسے دینے کے لیے مقتول کی بیوی نے اپنے زیورات گروی رکھے تھے۔

خاتون نے اپنے دوست کو پیسے دے کر قاتلوں تک بھجوایا، قتل کرنے کیلئے 3 لاکھ روپے میں بات ہوئی ایک لاکھ روپے ٹارگٹ کلر کو ایڈوانس دیئے گئے جبکہ باقی کے 2 لاکھ روپے قتل کے بعد دینے کی بات ہوئی۔ پولیس نے اس معاملے میں تین ملزموں اور مقتول کی بیوی کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد ہو چکا ہے۔

بہار کے ایس ایس پی آدتیہ کمار نے بتایا کہ 20 اکتوبر کو طیب علی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس واردات کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ ٹیم کے ارکان اس معاملے کی تحقیقات میں کافی دنوں سے لگے ہوئے تھے تاہم تفتیش کے دوران جب ٹیم کو خاتون کی سرگرمیوں پر شبہ ہوا تو معلوم ہوا کہ اس کے ذیشان نامی نوجوان کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں۔

آدتیہ کمار کے مطابق تفتیش کو مزید تیز کیا گیا تو معلوم ہوا کہ افشاں پروین نے اپنے کچھ زیورات گروی رکھ کر 80 ہزار روپے لیے ہیں۔ اسی دوران پولیس ذیشان پر نظر رکھے ہوئی تھی، دریں اثنا معلوم ہوا کہ افشاں پروین نے ذیشان سے کہا تھا کہ اس کے شوہر کو قتل کر دے۔ اس کے بعد ہی ذیشان نے عارف کے ذریعے ٹارگٹ کلر پنکج پاسوان، فوٹو خان اور چھوٹو یادیو کو پیسے دیے، جس کے بعد مجرموں نے طیب خان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

ایس ایس پی یہ بھی کہا کہ ایک حملہ آور فرار ہے، اس کیس میں ملوث تمام مجرموں کو گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے۔