بیرون ملک جانے کا خواب نوجوان کی جان لے گیا،بدنام زمانہ انسانی سمگلر گرفتار

humn111.jpg


بہتر مستقبل کیلئے بیرون ملک جانے کا خواب 27 سالہ نوجوان کی جان لے گیا۔۔ جہلم کا نوجوان سنہرے مستقبل کا خواب لئے سلوینیا کے بارڈر پر وحشیانہ تشدد سے زندگی کی بازی ہار گیا۔

نجی چینل ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق جہلم کا رہائشی 27 سالہ نوجوان عمیر 7 ماہ قبل سلوینیا کے بارڈر پر وحشیانہ تشدد سے زندگی کی بازی ہار گیا تھا جس کی میت گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا،

نوجوان کے لواحقین کے مطابق ایجنٹوں نے مختلف اوقات میں 40 لاکھ روپے ہتھیا لیے ۔ایف آئی اے کو متعدد بار درخوست دی گئی لیکن کسی قسم کی کاروائی عمل میں نہ لائی گئی۔

لواحقین کے مطابق ایف آئی اے بجائے ہماری درخواست پر کاروائی کرنے کے خاموش تماشائی بنی رہی اور انسانی سمگلر نہ جانے اب تک کتنے ہی گھروں کے چراغ بجھا چکے ہیں ۔

دوسری جانب کراچی میں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل نے بغیر دستاویزات عوام کو سرحد پار کروانے والے بدنام زمانہ انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر کاروائی عمل میں لائی گئی اور بدنام زمانہ انسانی اسمگلر عمران نصیر ولد نصیر احمد کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق ملزم انسانی اسمگلر عمران نصیر بغیر سفری دستاویزات کے غیرقانونی طور پر بارڈر کراس کروا کر ترکی پہنچانے کا کام کرتا تھا اور ملزم سادہ لوح افراد سے انسانی اسمگلنگ اور سرحد پار کرانے کے عوض لاکھوں روپے وصول کرچکا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق محمد ذوالفقار نامی شخص کو بغیر کسی سفری دستاویزات کے بھاری رقم کے عوض غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرکے ترکی پہنچانے میں ملوث ہے اور اسے ایک خفیہ کاروائی کے نتیجے میں گرفتار کیا گیا جبکہ ملزم سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔