بیوروکریسی اور پولیس اپنی سمت ٹھیک کرلیں،وقت بدل رہاہے:چوہدری پرویز الہیٰ

pervaiz-elahi-khan.jpg


اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے پنجاب کی بیوروکریسی اور پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی سمت درست کرلیں وقت بدل رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی نے یہ وارننگ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی پنجاب کی پارلیمانی پارٹیوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی، اجلاس میں پولیس کی کارروائیوں کو انتقامی قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی۔

اس موقع پر چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ پولیس کی جانب سے اسمبلی افسران کے گھروں پرچھاپے قابل مذمت عمل ہیں، حکومت پنجاب کو پولیس اسٹیٹ بنانا چاہتی ہے، ان کے اوچھے ہتھکنڈے اور انتقامی کارروائیاں نہیں چلنے دیں گے۔


چوہدری پرویزالہیٰ نے اپنے خلاف دوبارہ تحریک عدم اعتماد جمع ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ جتنی بار مرضی تحریکیں جمع کروالیں ہونا کچھ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، ہر روز ان کے کسی نا کسی رہنما کا استعفیٰ ضرور آئے گا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے منحرف رکن پنجاب اسمبلی فیصل نیازی نے آج اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیدیا ہے۔