خیبرپختونخوا :پہلی بارسینہ چاک کیے بغیردل کا والو تبدیل کرنیکاکامیاب آپریشن

peshawar-cardii11.jpg


پشاور کے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا کارنامہ۔۔خیبرپختونخوا میں پہلی بار سینہ چاک کیے بغیر دل کا والو تبدیل کرنے کا کامیاب آپریشن

پشاور کے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پہلی بار ماہر امراض قلب سرجنز کی ٹیم نے بغیر سینہ چاک کیے مریض کے دل کا والو تبدیل کر دیا۔ اسپتال کے مطابق یہ تجربہ کامیاب رہا ہے اور مریض فی الحال انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیرنگرانی رکھا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی سی رفعت انجم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایسا کامیاب آپریشن پہلی بار کیا گیا ہے جس میں 60 سالہ مریض کا بنا سینہ چاک کیے اور بغیر کٹ لگائے کامیاب آپریشن کیا گیا۔


اسپتال کے ترجمان نے بتایا کہ مریض کا آپریشن تاوی (TAVI) ٹرانس کیتھٹر اورٹک والو امپلانٹیشن کے طریقہ کار کے تحت کیا گیا جو کامیاب رہا، آپریشن نہ کرانے کی صورت میں مریض کی جان کو سخت خطرہ لاحق تھا۔

رفعت انجم نے کہا کہ آپریشن کے بعد مریض صحت یاب ہے تاہم اسے انتہائی نگہداشت یونٹ میں ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ کچھ ہی روز قبل یورپی فرم نے پی آئی سی کے مختلف شعبہ جات کے جائزہ کے بعد عالمی فہرست میں نامزد کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پی آئی سی سرٹیفکیشن کے لیے نامزد ہونے والا پاکستان کا پہلا سرکاری ہسپتال بن گیا ہے۔

یورپی آڈٹ فرم نے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا، جن کی ٹیکنیکل ٹیم نے ہسپتال کے مختلف ڈیپارٹمنٹ، سہولیات، طبی آلات، ملازمین کے حقوق اور مریضوں کی دیکھ بھال کے طریقہ کار سمیت دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا جس میں ہسپتال کو بہترین قرار دیا گیا۔

ہسپتال ترجمان کے مطابق پی آئی سی کو پاکستان کا پہلا آئی ایس او سرٹیفائیڈ سرکاری ہسپتال ہونے کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے جسے عالمی معیار کے مطابق ہونے کی بنیاد پر آئی ایس او 9001-2015 سرٹیفکیٹ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔