زرداری،گیلانی اور مشرف کے زیرالتوا مقدمات کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا

10.jpg

سابق صدور پرویز مشرف اور آصف زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے زیرالتوا 10 مقدمات کی سماعت کرنے والا لاہور ہائیکورٹ کا فل بینچ بغیر کارروائی تحلیل ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ میں جسٹس شہزاد ملک اور جسٹس شجاعت علی خان شامل تھے، بینچ کے رکن جسٹس شہزاد ملک نے ذاتی وجوہات کی بناء پر سماعت سے معذرت کرلی، جس کے باعث فل بینچ تحلیل ہوگیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے کہا جسٹس ملک شہزاد احمد خان اس 3 رکنی بنچ کا حصہ نہیں بننا چاہتے، اگرچہ تمام درخواستیں غیر مؤثر ہو چکی ہیں مگر مؤثر حکم جاری نہیں کر سکتے، نیا فل بنچ تشکیل دیں گے کیونکہ آصف زرداری، پرویز مشرف، یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف نے بھی اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔

https://twitter.com/x/status/1439991604404703233
دوسری جانب تینوں شخصیات کے خلاف مقدمات درج کروانے والے درخواست گزار وکلا شاہد نسیم، رانا علم الدین ، اللہ بخش گوندل بھی اب دنیا میں نہیں رہے۔

عدالتِ عالیہ میں درخواست گزار رانا علم الدین نے پرویز مشرف کے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور آصف زرداری کے 2 عہدے رکھنے سے متعلق درخواست دائر کررکھی تھی۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کےلیے وکیل شاہد گوندل اور اللہ بخش نے درخواستیں دائر کی تھیں۔