سندھ میں کورونا کے نئے ویرینٹ کے پھیلنے کا خطرہ، بوسٹر شاٹ لازمی قرار

5bshotsind.jpg

کورونا کی نئی خطرناک قسم اومی کرون کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر محکمہ صحت سندھ نے بوسٹر شاٹ کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کرلیا۔

سیکرٹری صحت سندھ کا کہنا ہے دنیا میں کورونا وائرس کی نئی خطرناک قسم سامنے آنے کے بعد شہریوں کو ویکسین کے بوسٹر شاٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ فائزر ویکسین بطور بوسٹر ڈوز لگائی جائے گی۔


سیکرٹری صحت ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ فائزر کی بوسٹر ڈوز مفت لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بوسٹر ڈوز لگانے کا فیصلہ گزشتہ رات ہوا، میکنزم تیار کرنے کے بعد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

سیکرٹری صحت سندھ کے مطابق ویکسین کی دستیابی کو دیکھتے ہوئے پلان مرتب کیا جائے گا۔ اس سے قبل بوسٹر ڈوز صرف جناح اسپتال اور ڈاؤ اوجھا اسپتال میں لگ رہی تھی۔ اب بوسٹر ڈوز کا دائرہ پورے سندھ میں پھیلایا جائے گا۔

محکم صحت سندھ کے مطابق ویکسی نیشن مکمل کرنے والےافراد بوسٹر ڈوز لگوانے کے اہل ہوں گے۔ جنہوں نے پہلے ویکسین نہیں لگوائی وہ بوسٹر ڈوز نہیں لگوا سکیں گے۔ جن لوگوں نے ویکسی نیشن سرے سے نہیں کرائی وہ جلد مکمل کریں تاکہ انہیں بھی بوسٹر شاٹ مل سکے۔