سوزوکی اور یاماہا کی موٹر سائیکلوں کی قیمت میں 5ویں بار اضافہ

6suzukiyaham.jpg

مہنگائی کی چکی میں پس رہی عوام کیلئے ایک اور بری خبر، موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوگیا، موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں 8 ہزار روپے تک اضافہ کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مہنگائی سے بےحال عوام کو موٹرسائیکل انڈسٹری کی جانب سے بھی بڑا دھچکا دیا گیا اور غریب عوام کی سواری موٹرسائیکل کی قیمتوں میں مزید ہزاروں روپے تک اضافہ کردیا گیا۔ پاک سوزوکی اور یاماہا نے اپنی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں 8 ہزار روپے تک اضافہ کردیا ہے۔

سماء کے مطابق رواں سال دونوں کمپنیوں کی جانب سے 5ویں مرتبہ موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تاہم مارکیٹ میں سب سے زیادہ موٹر سائیکلیں فروخت کرنے والی کمپنی ہونڈا نے اس سال 7 بار قیمتوں میں اضافہ کیا جبکہ ہونڈا کی جانب سے نومبر میں موٹرسائیکل کی قیمتوں میں 6 ہزار 500 روپے سے اضافہ کیا گیا تھا۔

یاماہا وائے بی 125 ذی کی قیمت میں 6 ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے اور اس کی قیمت 1 لاکھ 90 ہزار روپے ہوگئی۔ یاماہا وائے بی 125 ذی ڈی ایکس اور وائے بی آر 125 کی قیمتوں میں 7 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے، یہ ماڈلز اب بالترتیب 2 لاکھ 5 ہزار 500 روپے اور 2 لاکھ 11 ہزار روپے میں فروخت ہوں گی۔

سوزوکی جی ڈی 110 ایس، جی ایس 150 سی سی اور جی ایس 150 ایس ای کی قیمتوں میں 5 ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے، یہ تینوں قسم کی موٹرسائکلیں اب 1 لاکھ 99 ہزار روپے، 2 لاکھ 15 ہزار روپے اور 2 لاکھ 32 ہزار روپے میں دستیاب ہیں۔

سوزوکی جی آر 150 سی سی اب 8 ہزار روپے کے اضافے کے بعد 3 لاکھ 15 ہزار روپے میں فروخت ہوگی۔ سوزوکی اور یاماہا کی جانب سے جاری کی گئی موٹرسائیکلوں کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر 2021 سے ہوگا۔