فواد چودھری اپنے بیان پرعدالت میں پیش ہونےکیلئے تیار ہوجائیں:وکیل رانا شمیم

fawad-ch-and-rana.jpg


گلگت بلتستان کے سابق جج رانا شمیم کے وکیل لطیف آفریدی نے کہا کہ فواد چوہدری نے جو بیان دیا ہے اس پر عدالت میں پیش ہونے کے لیے تیار ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے مؤکل رانا شمیم اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور حلف نامے میں شامل متن کو تسلیم کیا ہے۔

رانا شمیم کے وکیل لطیف آفریدی نے ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہم اس عدالت سمیت تمام عدلیہ کی عزت کرتے ہیں، میرے خیال میں جو رانا صاحب نے کیا ٹھیک کیا ہے۔ رانا شمیم کے وکیل نے کہا کہ ہمارے ملک کا مسئلہ ہے کہ لوگ سچ نہیں بولتے، رانا صاحب سچ بولیں گے، سچ سے کیوں ہٹیں؟

لطیف آفریدی نے کہا کہ فواد چوہدری نے کہا نوازشریف کی موجودگی میں دستخط کیے،وہ اپنے اس بیان پر عدالت میں پیش ہونے کے لیے تیار ہوجائیں۔ بعض دفعہ اٹارنی جنرل متنازع بات کرتے ہیں جو نہیں کرنی چاہیے، اٹارنی جنرل کی پوزیشن کو بھی چیلنج کیا جائے گا۔

صحافی نے لطیف آفریدی سے سوال کیا کہ کیا ان الزامات پر معافی مانگیں گے،اس پر جواب میں رانا شمیم کے وکیل نے کہا کہ ہم معافی مانگیں گے یا نہیں یہ تو بعد کی بات ہے۔ جب کہ صحافی نے رانا شمیم سے انصارعباسی سے متعلق پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ان سے بات نہیں ہوئی۔

صحافی نے رانا شمیم سے پوچھا کہ ان کا حلف نامہ بھی آج متنازع بنانے کی کوشش کی گئی اس پر کیا کہیں گے؟ جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے وکیل لطیف آفریدی اس کا جواب دیں گے۔ لطیف آفریدی نے کہا کہ انکوائری کی ضرورت ہے، یہ ہماری مرضی ہے کہ فرد جرم کا جواب دیں یا نہ دیں، جیل میں بند کردیں۔

 
Last edited: