محمد رضوان وکٹ کیپنگ کے دوران تلاوت کیوں کرتے رہتے ہیں؟

rizwan01022h21.jpg


نجی ٹی وی چینل کے پروگرام باؤنسر میں میزبان شعیب جٹ کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے قومی بلے باز اور کیپر محمد رضوان نے بتایا کہ وہ کیپنگ کرتے ہوئے تلاوت قرآن پاک کرتے رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں موجود دیگر کھلاڑی بھی اب تہجد کی نماز باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس میچ میں ہمیں بھارتی کھلاڑی شش وپنج میں لگ رہے تھے، ان کی باڈی لینگوئج دیکھ کر میں نے اور کپتان بابراعظم نے فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی شائقین کو محمد شامی پر اس طرح تنقید نہیں کرنی چاہیے تھی۔ انہیں چاہیے اپنے کھلاڑیوں کو عزت دیں۔

سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں ہونے والی شکست پر انہوں نے کہا کہ بھارت سے میچ جیت کر جتنی خوشی ہوئی تھی آسٹریلیا سے ہار کر اتنا ہی دکھ بھی ہوا۔ ہمیں لگ رہا تھا کہ ہم میچ جیت جائیں گے کیونکہ ہم وکٹیں بھی لے رہے تھے مگر اس کے برعکس ہوا۔ انہوں نے آسٹریلیا کی اس جیت کا کریڈٹ میتھیو ویڈ اور وارنر کو دیا۔


ایک سوال کے جواب میں قومی بلے باز نے بتایا کہ وہ اپنی شادی سے اگلے ہی دن کرکٹ کھیلنے چلے گئے تھے گھر میں مہمان موجود تھے مگر وہ اسلام آباد میچ کھیلنے کیلئے پہنچ گئے تھے۔ رضوان نے بتایا کہ شادی میں شریک باسط بھائی نے کہا کہ کل فرسٹ کلاس کرکٹ کا اہم میچ ہے اگر یہ میچ جیت گئے تو اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیں گے۔

رضوان نے کہا کہ میں نے شادی ہال میں ہی اپنا کٹ بیگ یاسر شاہ کو دیا اور اگلے دن میچ کھیلنے پہنچ گیا، میچ کھیل کر واپس آیا اور تیسرے دن پھر میچ کھیلنے چلا گیا۔ گھر میں موجود مہمان اور اہلخانہ نے سوال کیا کہ کدھر جا رہے ہو؟ میں نے بتایا میچ کھیلنے جا رہا ہوں۔