منشیات کیس: شاہ رخ خان کے بیٹے کا تفتیشی افسر سے اچھاانسان بننے کا وعدہ


شاہ رخ کے بیٹے آریان خان کا نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے تفتیشی افسر سے اچھا انسان بننے کا وعدہ

خبر رساں ادارے ایکسپریس کے مطابق بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ کے بیٹے آریان خان نے این سی بی کے تفتیشی آفیسر سمیر واکھنڈے سے وعدہ کیا ہے کہ جیل سے باہر جانے کے بعد وہ ایک اچھا انسان بنیں گے۔

2 اکتوبر کو منشیات کیس میں گرفتار ہونے والا شاہ رخ خان کا بیٹا آریان جو اس وقت آرتھر روڈ جیل میں قید ہے نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل ڈائریکٹر سمیر واکھنڈے سے وعدہ کیا ہے کہ وہ اب سے اچھے کام کرے گا اور ایک دن سمیر واکھنڈے کو بھی آریان پر فخر ہوگا۔


بھارتی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق آریان نے این سی بی سے یہ وعدہ بھی کیا ہے کہ جیل سے باہر جانے کے بعد وہ نہ صرف ایک اچھا انسان بنیں گے بلکہ معاشی طور پر کمزور طبقات کی مدد بھی کریں گے۔

یاد رہے کہ عدالت نے 14 اکتوبر کو ہونے والی آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی تھی۔

اس سماعت کے بعد آریان کو 20 اکتوبر تک آرتھر روڈ سنٹرل جیل منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں قیدی نمبر بھی الاٹ کر دیا گیا ہے۔

قبل ازیں یہ بھی خبریں تھیں کہ آریان خان کی جیل میں گزاری جانے والی زندگی انتہائی کربناک ہے کیونکہ شہزادوں کی طرح اپنے گھر میں رہنے والے آریان کو باتھ روم کے استعمال میں کڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں انکشاف کیا گیا کہ 1926 میں بننے والی ممبئی کی سنٹرل جیل میں وہی پانی دستیاب ہے جو بیت الخلاء کے نلکوں میں آتا ہے، جیل کی دیواریں انتہائی گندی ہیں جن میں سے ہر وقت بو آتی ہے۔

جیل کے باتھ روم کے لاک بھی نہیں ہیں جب کہ باتھ روم کے باہر بھی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوتی ہیں جس کے باعث اپنی باری آنے پر ہی کوئی بھی ملزم اندر جاتا ہے۔

کچھ بھارتی میڈیا چینلز یہ بھی دعویٰ کر رہے ہیں کہ اس جیل میں چوہوں اور چھوٹے موٹے کیڑوں کی بھرمار ہے اور قیدیوں کی کوئی رازداری بھی نہیں۔