موبائل فونز پر ٹیکس میں اضافہ کی خبروں پر پی ٹی اے کی وضاحت

clarifica11241-pta112.jpg


پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے سیلولر موبائل ڈیوائسز اور ہینڈ سیٹس کی رجسٹریشن پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں اضافے کی خود ہی وضاحت کردی،پی ٹی اے نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے اس حوالے سے ٹوئٹس کردئے۔

ٹوئٹس میں واضح کیا گیا کہ پی ٹی اے موبائل ڈیوائس کی رجسٹریشن کے لیے اپنا ڈیوائس آئیڈینٹی فکیشن اینڈ رجسٹریشن ڈیٹا بیس سسٹم عام لوگوں کی سہولت کے لیے بغیر کسی چارجز کے پیش کررہا ہے،اس کا ٹیکس جمع کرنے کے طریقہ کار سے کوئی تعلق نہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق ادارہ صرف ڈی آئی آر بی ایس کی شکل میں تکنیکی مدد فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے درخواست دہندگان اپنے موبائل آلات کو پاکستان میں استعمال کے لیے رجسٹر کر سکتے ہیں،پی ٹی اے کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو پورے ملک میں ٹیکس جمع کرنے کا ذمہ دار ہے۔

ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق اس عمل میں جمع ہونے والے ٹیکسز اور ڈیوٹی کا اطلاق ایف بی آر کے ذریعے کیا جاتا ہے اور براہ راست ایف بی آر کے پاس ہی جمع ہوتا ہے، ٹیکس کے سلسلے میں مزید معلومات کے لیے اپنی ویب سائٹ کا یو آر ایل بھی پی ٹی اے نے شیئر کیا۔

مختلف ڈیوائسز کی رجسٹریشن پر موجودہ قابل اطلاق ٹیکسز اور ڈیوٹیز کے لیے درخواست گزار ایف بی آر کی ویب سائٹ https://www.fbr.gov.pk/mobile-devices-regularization-dirbs/51149/131261 پر جا سکتا ہے۔