وزیراعظم شہباز شریف کی آصف علی زرداری سے ملاقات، اہم معاملات پر مشاورت

6shehbazzardarmeeting.jpg

وزیراعظم شہباز شریف کی سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی ہے جس میں اہم سیاسی و معاشی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی اس طویل ملاقات میں ن لیگ کی جانب سے احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، رانا ثنااللہ اور ایاز صادق نے شرکت کی جبکہ سلیم مانڈوی والا، لیاقت علی، جلال فاروقی اور جمیل احمد نے پیپلزپارٹی کی نمائندگی کی۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال بالخصوص عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کے اعلان، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے 25 ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کے نوٹیفکیشن کے بعد پنجاب اسمبلی کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔


دونوں رہنماؤں کے درمیان پنجاب اسمبلی میں وزیراعلی کے انتخاب سے متعلق نمبر گیمز اور آئینی بحران سےنبردآزما ہونے کیلئے حکمت عملی تیار کی گئی کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کو کیسے شکست دی جائے۔

ملاقات میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ملک کی معاشی صورتحال کو سنبھالنے کیلئے مشکل فیصلوں اور اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے تک حکومت میں رہنے سے متعلق معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔

واضح ہو کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات میں اتحادی حکومت کو درپیش چیلنجز،نئے مالی سال کے بجٹ، آئی ایم ایف پروگرام اور ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس بلائے جانے اور گرینڈ ڈائیلاگ کی تجاویز پر تبادلہ خیا ل کیا گیا ہے۔

کہا جارہا ہے کہ اس وقت وزیراعظم تمام اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کرکے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے پر غور کررہے ہیں، آئندہ ہفتے میں حکومت نئے انتخابات کے انعقاد ، مردم شماری، گرینڈ ڈائیلاگ میں پی ٹی آئی کی شمولیت کے حوالے سے تجاویز پر حتمی فیصلہ کرلے گی اور ساتھ ہی آئندہ ہفتے میں ہی نیب اصلاحات سمیت الیکشن ریفارمز جیسے اہم امور پر کام بھی تیزی سے شروع ہوجائے گا۔