ویڈیو : سیالکوٹ میں ہیکرز نے اے ٹی ایم ہیک کرکے لاکھوں روپے لوٹ لیے

cash.jpg


پاکستان میں بھی ہیکرز سرگرم ہوگئے ہیں ، سیالکوٹ میں اے ٹی ایم کو ہیک کرکے لاکھوں روپے لوٹ لیے ہیں۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں ہیکرز ایک بینک کی اے ٹی ایم مشین کو ہیک کرکے28 لاکھ روپے لوٹنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سیالکوٹ میں مراد پور تھانے کی حدود میں بینک کی اے ٹی ایم کیبن کے اندر لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج پولیس نے اپنے قبضے میں لے لی ہے۔

بینک کے برانچ مینجر نے واقعے کی اطلاع پولیس کو دی اور کہا کہ17 اکتوبر کی دوپہر اے ٹی ایم میں 3 ملزمان نے گھس کر انٹرنیٹ کی مدد سے اے ٹی ایم مشین کو ہیک کیا اور اس میں سے 28 لاکھ روپے نکال کرفرار ہوگئے۔


پولیس کا کہنا ہے کہ16 اکتوبر کو بینک کے عملے نے اے ٹی ایم مشین میں 50 لاکھ روپے کیش ڈالا تھا، 17 اکتوبر کے روز چھٹی تھی جس دن یہ واردات پیش آئی، 18 اکتوبر کو اے ٹی ایم مشین میں باقی ٹرانزیکشنز کے علاوہ 28 لاکھ روپے کم تھے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 ملزمان اے ٹی ایم کیبن میں داخل ہوئے جبکہ ان کا تیسرا ساتھی کیبن سے باہر کھڑا رہا، ملزمان نے اے ٹی ایم میں گھس کر سی سی ٹی وی کیمروں پر کلر سپرے بھی کردیا تھا۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے اور ساتھ ہی تحقیقات میں معاونت کیلئے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ واقعے کی رپورٹ بھی ارسال کردی ہے۔