پاکستان نے افغانستان کی ایئرلائن کو اسلام آباد پروازوں کی اجازت دیدی

shutterstock_editorial_12361215a.jpg


پاکستان نے "کام ایئر" نامی نجی افغان ایئرلائن کو کابل سے اسلام آباد پروازوں کی اجازت دیدی

پاکستان نے افغانستان کی نجی ایئرلائن کام ایئر کو ملک کیلئے پراوزیں چلانے کی اجازت دے دی۔ سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر عرفان صابر کے مطابق افغانستان کی یہ نجی ایئرلائن ہفتے میں کابل سے اسلام آباد کیلئے 3 پروازیں چلائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت آنے کے بعد کسی افغان ایئرلائن کو اجازت دے کر پاکستان اس فہرست میں پہلا ملک بن گیا ہے۔

سی اے اے کے ڈائریکٹر عرفان صابر نے بتایا کہ کام ایئر نے پاکستان سے آپریشن کیلئے اجازت کی درخواست دی تھی جس کے بعد پاکستانی حکام کی جانب سے اجازت دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کام ایئر اب تک کی وہ واحد ایئرلائن ہے جس نے پاکستان سے اجازت طلب کی ہے۔

یاد رہے کہ افغان وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقاہر بلخی نے کہا تھا کہ کابل ایئرپورٹ میں مسائل حل کردیے گئے ہیں یہ ایئرپورٹ مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے مکمل طور پر فعال ہے، انہوں نے کہا تھا کہ امارات اسلامی افغانستان کی نئی حکومت(افغان طالبان) نے تمام ایئرلائنز کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس نجی افغان ایئرلائن کے پاس 7 طیارے ہیں جبکہ 1200 افراد کا عملہ موجود ہے۔ یہ ایئرلائن2003 میں بنائی گئی تھی اور اس کے آپریشنل روٹس میں وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور دیگر کئی ممالک شامل تھے۔ مگر 15 اگست کو طالبان کی حکومت انے کے بعد تمام غیر ملکی ایئرلائنز نے افغانستان کیلئے اپنی سروس معطل کر دی تھی۔