چیمپئنز ٹرافی؛ کسی کو پاکستان جانے پرپریشانی نہیں ہوگی، آئی سی سی

int-pak.jpg


چیئر مین آئی سی سی گریگ بارکلے کا کہنا ہے کہ یقین ہے کسی ملک کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان جانے میں پریشانی نہیں ہوگی۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پاکستان میں انعقاد کے لیے پر اعتماد ہے۔

چیئرمین آئی سی سی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچ کھیلنے اور پاکستان کا سفر کرنے میں دیگر ٹیموں کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ لمبے عرصے بعد پاکستان میں آئِی سی سی کے ایونٹ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ امید ہے پاکستان بہترین انتظامات کرے گا۔


گریگ بارکلے نے یہ بھی کہا کہ بھارت سمیت کسی اور ملک کو پاکستان میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ اگر ہم پاکستان کو اہل نہ سمجھتے تو کبھی اس کا انتخاب نہ کرتے۔ انہوں نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کو پاکستان کے لیے سنہری موقع قرار دیا۔

چیئرمین آئی سی سی نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان بہترین سیکیورٹی پلان بنائے گا اور ہم وہاں کرکٹ کو آگے لے کر جا سکیں گے۔ سیاسی حالات ہمارے کنٹرول میں نہیں ہیں لیکن ہم کرکٹ ماحول کو بہتر بنا سکتے ہیں اگر کرکٹ سے بھارت اور پاکستان کا ماحول بہتر ہوتا ہے تو یہ بہترین ہوگا۔

یاد رہے کہ 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دفاعی چیمپئن پاکستان کو 2025 میں اگلے ایڈیشن کا میزبان نامزد کیا گیا تھا۔ یہ بھی واضح رہے کہ بھارت اور سری لنکا کی 1996 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کے بعد سے یہ کسی ایشیائی ملک میں کرکٹ کا پہلا بڑا ایونٹ ہو گا۔