کراچی کے باسیوں کیلئےاچھی خبر، گرین لائن بسیں کراچی پہنچ گئیں

karazhi1i1.jpg


کراچی کے باسیوں کیلئے امید کی کرن، گرین لائن منصوبے کی بسیں تیار۔۔ پہلی کھیپ کراچی پہنچ گئی

کراچی کے باسیوں کیلئے جدید سفری سہولیات کی فراہمی کی امید پوری ہوتی دکھائی دینے لگی ہے، گرین لائن منصوبے کیلئے چالیس بسوں کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ گئی ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے گرین لائن ریپڈ بس سروس کیلئے درآمد کی گئی چالیس بسوں کو آج آف لوڈ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مزید 40 بسوں کی دوسری کھیپ کی آمد بھی آئندہ 1 سے 2 ماہ میں متوقع ہے تاہم مزید بسوں کی درآمد کا فیصلہ پہلی کھیپ کی بسوں کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔


گرین لائن بس منصوبہ 20 اسٹاپس پر مشتمل ہے، جو پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی سے شروع ہوکر نمائش پر اختتام پذیر ہوگا منصوبہ سے یومیہ 3 لاکھ افراد کو سفری سہولت مہیا ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق آج اس حوالے سے شہر قائد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کے وفاقی وزراء و رہنما شرکت کریں گے، تقریب میں سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کے سی ای او ندیم لودھی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک ہوں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی میں ہی ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ رواں برس اکتوبر میں کراچی کے شہریوں کیلئے گرین لائن ریپڈ سروس کا آغاز کردیا جائے گا۔

واضح ہو کہ کراچی میں پبلک و پرائیویٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کی بدترین صورتحال کو دیکھتے ہوئے سابقہ حکومت نے فروری 2016 میں اس منصوبے کا اعلان کیا اور اس وقت کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا جس کے بعد سے یہ منصوبہ اب تک تعطل کا شکار رہا۔
 
Last edited: