کورونا کی پانچویں لہر، ججز بھی متاثر، کراچی میں شرح 50فیصد کے قریب؟

corona-virus%20karachiiii.jpg


پاکستان میں عالمی وبا کورونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 23 افراد انتقال کر گئے اور 7ہزار 678 نئے مریض سامنے آئے۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 59 ہزار 343 ٹیسٹ کیے گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 12.94 فیصد رہی۔ اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 29ہزار 65 تک پہنچ گئی ہے۔

اسلام آباد کی ضلع کچہری میں 15معزز جج صاحبان کورونا وئرس سے متاثر ہو گئے ہیں جب کہ ان کے علاوہ کچہری کی مختلف عدالتوں میں58اہلکار بھی وبا کا شکار ہو گئے ہیں۔ کورونا سے متاثرہ ججز کی عدالتیں بند کر دی گئیں ہیں۔


ادھر کراچی میں کورونا وائرس کی پانچویں لہر نے سنگین صورتحال اختیار کر لی ہے اور شہر میں مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 50 فیصد کے قریب پہنچ گئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 47.56 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

گزشتہ روز بھی کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 41 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ جب کہ آج حیدرآباد میں بھی کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 17.27 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو کہ گزشتہ روز کم تھی اور اس میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔