کیا وزیراعظم عمران خان آرمی چیف کو دوبارہ توسیع دیں گے؟

4ghumnmeet.jpg

وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق اہم بیان دیدیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے، ابھی نومبر بہت دور ہے۔

سول ملٹری تعلقات سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کے فوج کے ساتھ مثالی تعلقات ہیں۔


عمران خان نے آئندہ تین مہینوں کو اپنی حکومت کیلئے اہم قرار دیتےہوئے کہا کہ ہمیں اس عرصے میں مہنگائی کو قابو کرنا ہوگا، حکومت اتحادیوں کے تعاون سے پانچ سال مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر اپوزیشن حکومت کے خلاف عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو وہ اپنا شوق پورا کرلیں، ہم پانچ سال پورے کریں گے، بلدیاتی انتخابات میں شکست سے پارٹی کو نقصان پہنچا ہے ، یہ شکست جماعت کی تنظیمی سطح پر ناکامی ہے، تاہم اچھی بات یہ ہے کہ الحمداللہ ہمارا ووٹ بینک برقرار ہے۔

اپنی حکومت کی ناکامیوں سے متعلق عمران خان نےاعتراف کیا کہ سب سے بڑی ناکامی احتساب کے عمل کا ناکام ہونا ہے، لوگ ٹھوس ثبوتوں اور شواہد کے باوجود بچ نکلتے ہیں مثال کے طور پر شہباز شریف کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں ، کیا کوئی مان سکتا ہے کہ انہوں نے کرپشن نہیں کی ہوگی۔

انٹرویو کے دوران عمران خان سے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی سے متعلق سوال ہوا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی پرمجھے اطمینان ہے، بات یہ ہے کہ ہمارے اچھے کاموں کی تشہیر نہیں ہوتی۔