آئی ایم ایف مذاکرات آخری مرحلے میں پہنچ گئے،جلد قسط جاری ہو گی،کامران خان

12sdwf.jpg

سینئر اینکر پرسن کامران خان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ جاری حکومتی مذاکرات کے حوالے سے خوشخبری سنا دی، قرضے کی چھٹی قسط جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینئر اینکر پرسن کامران خان نے اپنی ٹوئٹر پوسٹ میں پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات کی کامیابی کی نوید سنا دی، پوسٹ میں لکھا کہ IMF سے مذاکرات کامیابی سے تکمیل کے آخری مرحلے میں پہنچ گئے ہیں چند رسمی امور کے بعد چھٹی قسط جاری ہوجائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ IMF خود پاکستان کی تعریف کررہا ہے اس کے ساتھ ہی انشاللہ آئندہ 48 گھنٹوں میں لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کا DG ISI کا نوٹیفیکیشن بھی ہوجائے گا۔

https://twitter.com/x/status/1450505544809263105
دوسری جانب آئی ایم ایف کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر جہاد ازور کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور حکومت پاکستان کے درمیان 6 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) قرضے کی چھٹی قسط پر بات چیت اچھے نتائج کی طرف بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے لئے مقرر کردہ آئی ایم ایف مشن اور پاکستانی حکام کے مابین مذاکرات تاحال جاری ہیں، آئی ایم ایف مشن مختلف تفصیلات کا جائزہ لے رہا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے پاکستانی ٹیم کے مذاکرات کی ناکامی کے حوالے سے خبریں سامنے آئی تھیں، بعد ازاں وزارت خزانہ کی جانب سے ان خبروں کی تردید کی گئی تھی۔ ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم وضاحت کرتے ہوئے کہا مذاکرات کی ناکامی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، جمعہ کو مذاکرات جہاں ختم ہوئے پیرسے دوبارہ اُسی نقطے سے بات چیت کا آغاز ہوگا۔

ترجمان وزارت خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات بلاتعطل پیر سے دوبارہ شروع ہوں گے، مذاکرات ختم ہونے کی کوئی حتمی تاریخ نہیں ہے، آئی ایم ایف سے کامیابی تک مذاکرات جاری رہیں گے۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات کیلئے سیکریٹری خزانہ اوران کی ٹیم واشنگٹن میں موجود ہے۔