آغا سراج درانی کو تلاش کرنے کی نیب کی تمام کوششیں ناکام

11durani.jpg

اسپیکر سندھ اسمبلی رہنما پیپلزپارٹی آغا سراج درانی کا تاحال پتا نہیں چل سکا ہے، وہ ضمانت مسترد ہونے کے بعد سے روپوش ہیں۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق 13 اکتوبر کو سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت منسوخی کے بعد روپوش ہونے والے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی تاحال منظر عام پر نہیں آئے ہیں، نیب کی جانب سے رہنما پیپلزپارٹی کی تلاش مسلسل جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق نیب ریفرنس میں ضمانت منسوخی کے بعد آغا سراج درانی اپنے کورڈینیٹر اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ روپوش ہوئے تھے، نیب ملزمان کی تلاش کیلئے جدید ڈیوائسز بھی استعمال کررہی ہے مگر تاحال ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔

نیب کے مطابق سراج درانی اور ان کےساتھی ذوالفقار ڈاہر کی آخری لوکیشن کراچی کی ہی تھی جس کے بعد سے ان کا کچھ پتا نہیں چل رہا، نیب آغا سراج درانی کو کراچی میں جبکہ دیگر ملزمان کو اندورن سندھ کے علاقے گڑھی یاسین اور آس پاس کے گوٹھوں میں تلاش کررہی ہے۔

واضح رہے کہ 13 اکتوبر کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے آغا سراج درانی سمیت 9 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی جبکہ سراج درانی کے بیٹوں اور اہلیہ کی ضمانت منظور کرلی تھی۔

ضمانت خارج ہونے کے بعد نیب اہلکار جب سراج درانی کو گرفتار کرنے ان کے گھر پہنچے تو کئی گھنٹوں کے انتظار کے بعد لیڈی کانسٹبل کو گھر کے اندر جانے کی اجازت دی گئی تاہم گھر کی تلاشی کے باوجود آغا سراج درانی گرفتار نہ کیے جاسکے، اس دن سے آغا سراج درانی روپوش ہیں۔