پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے آنسو گیس کا شیل کیچ کرنےولے شخص کے نام ایک اہم پیغام جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے موقع پر ملک کے مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کے کارکنان اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
اس موقع پر پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس سے متعدد کارکن زخمی بھی ہوئے، پولیس کی آنسو گیس کی شیلنگ کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں ہیں جن میں ایک ویڈیو آنسو گیس کا شیل کیچ کرنے والے نوجوان کی بھی ہے۔
پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کی غیر ملکی اہلیہ نے اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے اس نوجوان کیلئے اہم پیغام جاری کردیا ہے۔
انسٹاگرام پر اس واقعہ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شنیرا اکرم نے لکھا کہ واہ کیا کیچ ہے، کوئی اس نوجوان کو ڈھونڈے اور اسے قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کروادے۔
دیگر سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس پر دلچسپ تبصرے کئے اور ویڈیو سے محظوظ ہونے کے ساتھ ساتھ اس نوجوان کی خوب تعریف کرتے رہے
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی اے کے ایک مظاہرے کے دوران پولیس سے ہونے والی جھڑپ میں اس نوجوان نے آنسو گیس کے شیل کو کمال مہارت سے کیچ کرتے ہوئے دوبارہ پولیس کی طرف اچھال دیا تھا۔