وزیراعظم شہباز شریف نےنئے تعینات ہونے والے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ٹیلی فون کرکے مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان آرمی کے نئے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کو ٹیلی فون کرکے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فوج کو آپ جیسا پیشہ ورانہ قابلیت کا حامل سپہ سالار ملنا اللہ تعالی کا خاص فضل ہے۔
وزیراعظم نے مزیدکہا کہ وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کیلئے ہمارا بھرپور تعاون آپ کو میسر رہے گا، آپ کی قیادت میں آرمی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ملک کے دفاع کی قوت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نئے آرمی چیف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مادر وطن کے تحفظ اور سلامتی، دہشت گردی کے خاتمے اوردیگر سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں آپ کی مدد و رہنمائی فرمائے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مبارکبا د دینے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ راولپنڈی کے آرمی ہاکی اسٹیڈیم میں آرمی کی کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف اور جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ، سفارتکاروں اور فوجی افسران کےدوستوں اور کورس میٹس نے شرکت کی، تقریب میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی کی کمان کی چھڑی جنرل عاصم منیر کو سونپی اور سیلوٹ مارا، اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل عاصم منیر کو گلے بھی لگایا۔