اب ہر ٹیم پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے ڈرے گی :سابق کپتان انگلینڈ مائیکل وان

pak.jpg


انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا ہے کہ ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں اب ہر ٹیم پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے ڈرے گی۔ انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ اس وقت پاکستانی کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس غیر معمولی ہے۔

مائیکل وان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اس وقت پاکستان ٹیم فام میں ہے اور غیر معمولی انداز سے کھیل رہی ہے۔ وہ یقیناً سیمی فائنل تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر ٹیم دعا کرے گی کہ سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ کسی دوسری ٹیم سے ہو اور وہ انہیں شکست دے دے۔ مائیکل وان نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو کرکٹ کھیلتے دیکھنا مجھے ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔

https://twitter.com/x/status/1453050691275169794
یاد رہے کہ سابق انگلش کپتان کا یہ بیان پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں حالیہ پرفارمنس کے تناظر میں ہے کیونکہ قومی ٹیم اس وقت بہت اچھا کھیل رہی ہے۔ پاکستانی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ گزشتہ روز ہونے والے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بھی پاکستان نے 5 وکٹوں سے جیت اپنے نام کی ہے۔

نیوزی لینڈ کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے اپنے دوسرے میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان نے جہاں ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے وہیں سوشل میڈیا پر پاکستانی شائقین کی خوشی کا بھی کوئی ٹھکانہ نہیں ہے۔