اسحاق ڈار کیلئے بری خبر،عدالت نے گھر کی نیلامی کے خلاف درخواست مسترد کر دی

6ishaqdarhouse.jpg

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسحاق ڈار کی اہلیہ کی جانب سے گھر کی نیلامی کے خلاف درخواست مسترد کردی ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کےجسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ثمن رفت امتیاز نے کیس کا محفوظ فیصلہ سنادیا ہے، یہ فیصلہ 25 جنوری کو محفوظ کیا گیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں 7 نومبر 2019 کے احتساب عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے اسحاق ڈار کی اہلیہ کی جانب سے ضبط شدہ گھر کو بحال کرنے کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردیا ہے۔


عدالتی فیصلے میں لاہور کے علاقے گلبرگ تھری میں واقع اسحاق ڈار کے گھر کی نیلامی پر عدالتی اسٹے آرڈر کو بھی ختم کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں جس کے بعد پنجاب حکومت کو اس گھر کی نیلامی کے اجازت بھی دیدی ہے۔

یادرہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اور ن لیگ کے سینئر رہنما اسحاق ڈار کا لاہور کے علاقے گلبرگ تھری میں واقع گھر کو 7 نومبر 2019 کو ضبط کرکے نیلام کرنے کا حکم جاری کیا تھا جس کے خلاف اسحاق ڈار کی اہلیہ تبسم اسحاق نےاسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کررکھا تھا۔