مسلم لیگ ن کی قیادت اور قانونی ٹیم اسحاق ڈار کو تو کامیابی کے ساتھ واپس لے آئی مگر اب اگلا سوال یہ تھا کہ نواز شریف کیسے آئیں گے اس کے لیے قانونی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ سابق وزیراعظم کی آمد سے قبل ان کی حفاظتی ضمانت کرائے جائے گی۔
نجی چینل اے آر وائے نیوز کا دعویٰ ہے کہ مسلم لیگ ن کی قانونی ٹیم نے نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کرانے کی بھی مکمل تیاری کر لی ہے۔ اس ضمانت کےعرصے میں نواز شریف با قاعده ضمانت کیلئے پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ حفاظتی ضمانت کے بعد نوازشریف عدالت کے روبرو پیش ہوں گے تو ضمانت ملنے یا جیل بھیجے جانے کا فیصلہ عدالت پر ہوگا۔
دوسری جانب نواز شریف کی آمد سے متعلق فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا ممکنه طور پر سابق وزیراعظم انتخابات سے قبل پاکستان میں ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ نواز شریف عام انتخابات سے قبل پاکستان آئیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ پارٹی نے درخواست کی تھی کہ اگلے الیکشن کی مہم میاں صاحب خود چلائیں۔
رانا ثنااللہ کے مطابق پارٹی نے نواز شریف سے جو درخواست کی ہے وہ نوازشریف نے مان لی ہے اور اس بات پر رضامندی ظاہر کر دی ہے کہ وہ انتخابی مہم کو لیڈ کریں گے۔