اسٹاک مارکیٹ میں مندی ، ڈالر مزید سستا ہوگیا

psx.jpg


ملک میں آج معاشی سرگرمیوں میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا ہے، ایک طرف امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہوا ہے تو دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ڈالر کی اوپر جاتی ہوئی قیمت کو روکنے کیلئے کیے گئے اقدامات کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور آج مسلسل دوسرے روز بھی ڈالر کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق آج انٹر بینک میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر صفر اعشاریہ20 فیصد سستا ہوگیا ہے۔

https://twitter.com/x/status/1446414964500189184
اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ روز170 روپے87 پیسے میں فروخت ہونے والا امریکی ڈالر 34 پیسے سستا ہونے کے بعد 170 روپے53 پیسے میں فروخت ہوا ہے۔

دوسری جانب کراچی اسٹاک مارکیٹ ایک دن کے مثبت رجحان کے بعد آج پھر مندی کا شکار رہی اور انڈیکس میں 108 اعشاریہ 82 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

Whats-App-Image-2021-10-08-at-5-27-58-PM.jpg


ٹریڈنگ کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس ایک موقع پر44ہزار670 کی سطح عبور کرگیا اور ایک موقع پر انڈیکس44ہزار338 پوائنٹس تک گر گیا، تاہم کاروبار کے اختتام تک انڈیکس108 اعشاریہ 82 پوائنٹس کی کمی کے بعد 44ہزار477اعشاریہ 23 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔