اسٹیٹ بینک نے اسلامی بینکوں کیلئے نئی سہولت کا اعلان کردیا

bank%20islami%20st.jpg


اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا بڑا اقدام، اسلامی بینکوں کیلئے شریعت سے ہم آہنگ نئی سہولیات متعارف کرادی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے اسلامی بینکاری اداروں کے لیے شریعت سے ہم آہنگ اسٹینڈنگ سیلنگ سہولت اور اوپن مارکیٹ آپریشنز (ادخالات) متعارف کروا دیئے جس کے تحت اسلامی بینک بھی دیگر کمرشل بینکوں کی طرح مرکزی بینک سے سرمایہ کاری کی غرض سے رقم حاصل کرسکیں گے اور اسٹیٹ بینک کے اوپن مارکیٹ آپریشن میں بھی اسلامی بینکوں کو شامل کیا جائے گا۔

مرکزی بینک کی جانب سے اسلامی بینکوں کو فراہم کی جانے والی لیکویڈیٹی کی سہولت مضاربہ کی بنیاد پر ہوگی۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے رقم کی فراہمی مقررہ شرح پر آکشن کے ذریعے ہوتی ہے جبکہ اسلامی بینکاری کے اصول اس طریقے کے منافی ہیں تاہم اب اسلامی طریقۂ کاروبار مضاربہ (شراکت داری) کے تحت اسلامی بینکوں کیلئے الگ نظام وضع کرلیا گیا ہے۔ اس ضمن میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے سرکلر جاری کر دیا گیا ہے۔

جاری شدہ سرکلر کے مطابق شریعت سے ہم آہنگ اسٹینڈنگ سیلنگ سہولت مضاربہ پر مبنی فنانسنگ سہولت ہے، جس میں اسٹیٹ بینک شریعت پر مبنی ضمانت کے عوض شبینہ (اوور نائٹ) بنیادوں پر اسلامی بینکاری اداروں کو فنانسنگ فراہم کرے گا۔

سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلامی بینکاری ادارے اسٹیٹ بینک سے موصول ہونے والے فنڈز کو بلند معیار کے اثاثوں پر مشتمل ایک خصوصی پول میں رکھیں گے، مضاربہ فنانسنگ سہولت کی پیشکش ایک متوقع شرح پر کی جائے گی یہ شرح روایتی شبینہ ریسورس ریپو ریٹ کے مساوی ہوگی جو لین دین کے آغاز پر اسٹیٹ بینک اور اسلامی بینکاری ادارے کے درمیان طے شدہ منافع میں شراکت داری کے تناسب پر مبنی ہوگی۔

مرکزی بینک کی جانب سے اسلامی بینکوں کو ضرورت کے مطابق فنانسنگ کی فراہمی کے ساتھ اوپن مارکیٹ آپریشن میں بھی اسلامی بینکوں کو شامل کیا گیا ہے۔