اقوام متحدہ کانفرنس میں زرتاج گل سے جھگڑا، ملک امین اسلم کا ردعمل آگیا

amin-aslam-1123.jpg


اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس میں وزیر مملکت زرتاج گل سے لڑائی سے متعلق انکشاف پر ملک امین اسلم کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے انکشاف کیا تھا کہ اقوام متحدہ کی کانفرنس کے دوران ملک امین اسلم اور زرتاج گل کا جھگڑا ہوا ہے۔

ملک امین اسلم نے اس حوالے سے اپنے بیان میں ریاض فتیانہ کے الزامات کو 200 فیصد جھوٹ اور غلط بیانی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ زرتاج گل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی وجہ سے واپس آنا پڑا تھا، ریاض فتیانہ نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں ایسی غلط فہمی کیوں پیدا کی میری سمجھ سے باہر ہے۔

https://twitter.com/x/status/1463898978819448835
انہوں نے کہا کہ الزام عائد کیا گیا کہ پاکستان کے کروڑوں روپے ضائع کیے گئے گلاسکو کانفرنس میں قومی خز انے کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا کانفرنس مکمل طور پر غیر ملکی ڈونرز کے تعاون سے منعقد کی گئی، ریاض فتیانہ تو خود بغیر کسی دعوت نامے کے این جی او کی جانب سے اسپانسر کیے جانے پر گلاسکو پہنچے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں پاکستانی نمائندگان نے نااہلی دکھاتے ہوئے اچھی کارکردگی کا مظاہر ہ نہیں کیا یہ بھی جھوٹ ہے اس کانفرنس میں پاکستانی پویلین مصروف ترین رہا 50 سے زائد ملکوں کے وزراء سے ملاقاتیں ہوئیں امریکی صدر نے پاکستانی کوششوں کو سراہا اور برطانوی وزیراعظ نے خود پاکستانی پویلین کا دورہ کیا۔

واضح رہے کہ ریاض فتیانہ نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف کیا کہ اقوام متحدہ کی ماحولیات کانفرنس میں وزیر مملکت زرتاج گل کی وزیراعظم عمران خان کے مشیر خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے لڑائی ہوئی جس کے بعد وہ کانفرنس چھوڑ کر وطن واپس آگئیں۔