الیکشن کمیشن کی جانب سےنااہل کیے جانے پر پی ٹی آئی وزیر کا ردعمل

7shahreponseecp.jpg

پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا میں وزیر شاہ محمد خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر شاہ محمد خان نے پشتو زبان میں ایک ویڈیو بیان جاری کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تشویش ہے، ایسا ہی ایک فیصلہ 2016 میں بھی میرے خلاف دیا گیا تھا جسے ہائی کورٹ نے عدم ثبوت کی بنا پر معطل کردیا تھا۔

https://twitter.com/x/status/1488471990746947593
انہوں نے مزید کہا کہ 5 سالہ نااہلی کا الیکشن کمیشن کا تازہ فیصلہ بھی عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخو کے بلدیاتی انتخابات کی پولنگ کے دوران بنوں کی تحصیل بکاخیل میں حملے اور توڑپھوڑ کے الزام میں تحریک انصاف کے صوبائی وزیرٹرانسپورٹ شاہ محمد کو 5 سال کیلئے نااہل کرنے کا فیصلہ جاری کیا ہے جس کے بعد شاہ محمد کی خیبر پختونخوا اسمبلی رکنیت بھی معطل کردی گئی ہے۔


الیکشن کمیشن نے کیس میں شاہ محمد خان اور ان کے بیٹے کے خلاف ضابطہ فوجداری کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے شاہ محمد سمیت تمام ملزمان کو گرفتار کرنے کا بھی حکم جاری کردیا جبکہ شاہ محمد خان کے بیٹے مامون رشید کو بھی نااہل کردیا ہے۔