الیکشن کمیشن کے ن لیگ اور پی ٹی آئی کو نوٹسز

11cheifecpnotocinterparty.jpg

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹراپارٹی انتخابات نہ کروانے پر وزیراعظم شہباز شریف اور تحریک انصاف کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سیاسی جماعتوں کی جانب سے پارٹی کے اندر انتخابات نہ کروانے پر الیکشن کمیشن نے برہمی کا اظہار کیا ، ن لیگ کے صدر اور وزیراعظم پاکستان کو انٹراپارٹی انتخابات نہ کروانے پر الیکشن کمیشن نے شوکاز نوٹس بھی جاری کیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کیوں نا ن لیگ کو پارٹی نشان کے حصول کیلئے نااہل قرار دیدیا جائے، انٹراپارٹی انتخابات کیلئے ن لیگ کے پاس 13 مارچ تک کی ڈیڈ لائن تھی جس میں ن لیگ کی درخواست پر 14 مئی تک توسیع کردی گئی مگر ن لیگ نے تاحال پارٹی انتخابات کرواکے الیکشن کمیشن کو سرٹیفکیٹ جمع نہیں کروایا ہے۔


الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کو بھی فائنل نوٹس جاری کردیا ہے کہ پی ٹی آئی کوگزشتہ برس 13 جون سے قبل انٹراپارٹی انتخابات کروانے تھے مگر پی ٹی آئی نے انتخابات کیلئے وقت مانگا ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی کو انتخابات کیلئے13 جون 2022 تک ایک سال کا وقت دیا گیا مگرانٹر پارٹی انتخابات نہیں ہوئے، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کو انتخابات کیلئے مزید وقت نہیں دے گا۔