امریکا، اسکول میں فائرنگ سے 19 طلبہ سمیت 21 افراد ہلاک

17usaschoolfiring.jpg

امریکی ریاست ٹیکساس میں دہشت گردی کا واقعہ سامنے آگیا،اسکول میں فائرنگ سے انیس طلبا سمیت اکیس افراد ہلاک ہوگئے،فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور بھی مارا گیا۔

ہلاک ہونے والے طالب علموں کی عمریں پانچ سے گیارہ سال کےدرمیان ہیں،منگل کی سہ پہر پولیس کی بھاری نفری نے ٹیکساس کے شہر یووالڈی میں واقع راب ایلیمنٹری ا سکول کو گھیرے میں لے لیا،جہاں ایک اٹھارہ سالہ نوجوان نے گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر کے بچوں اور اساتذہ کو نشانہ بنایا۔

ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کے مطابق حملہ آور موقع پر پہنچنے والے پولیس افسروں کی فائرنگ سے مارا گیا،امریکی صدر جوبائیڈن نے اظہار افسوس کردیا، صدر بائیڈن نے قوم سے خطاب میں گن لابی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسلحے کے قوانین میں تبدیلی پر زور دیا ہے۔


امریکی صدر جو بائیڈن نے ٹیلی ویژن پر قوم سے مختصر خطاب میں گن لابی پر تنقید کرتے ہوئے زور دیا کہ ایسے سانحوں کو روکنے اور اس درد کو اقدامات میں بدلنے کا وقت آ گیا ہے، افسردہ نظر آنے والے صدر بائیڈن نے کہا کہ ایک بچے کو کھو دینا ایسا ہے جیسے کسی نے آپکی روح کو چیر دیا ہو۔

صدر بائڈن نے ایسے ہتھیاروں کی باآسانی خرید و فروخت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گنز بنانے والوں نے دو دہائیاں لگا دیں ایسے ہتھیاروں کی پر زور تشہیر پر کیونکہ یہ بہت منافع بخش ہیں۔

صدر نے کہا کہ عام امریکی ہتھیاروں کی خرید و فروخت سے متعلق معقول قوانین کی حمایت کرتے ہیں اور جو لوگ ان قوانین کی منظوری کی راہ میں رکاوٹ ڈالتے ہیں، انہیں یاد رکھا جائے گا۔

امریکا میں سوگ کا اعلان کردیا، امریکی پرچم سرنگوں ہے،اطلاعات کے مطابق حملہ آور نے بڑے پیمانے پر لوگوں کو نشانہ بنانے والی ایسالٹ رائفل استعمال کی۔

اس سے قبل 2012 میں امریکی ریاست کنیٹیکٹ میں سینڈی ہک ایلیمنٹری سکول میں فائرنگ کے واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ اس واقعے میں 26 ہلاک ہونے والوں میں سے 20 ایسے تھے جن کی عمریں پانچ سے چھ سال تک تھیں۔ یہ حملہ کرنے والے کی عمر 20 سال تھی۔

2020 کی امریکی سرکاری رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے زیادہ تر واقعات، تقریبا دو تہائی، ہائی اسکول کے درجے کے اداروں میں ہوئے اور ایلیمنٹری سکول کی سطح پر ایسے واقعات زیادہ تر حادثاتی طور پر پیش آئے۔

2018 میں امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کے نزدیک سانتا فے ہائی اسکول میں ایک طالبعلم کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے 10 افراد میں پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ بھی شامل تھیں۔
 

Ali-NZ

Minister (2k+ posts)
The killers of millions of children worldwide are getting real taste of their own medicine.