اوپن مارکیٹ میں گندم 3700 روپے فی من تک پہنچ گئی

wheati11h11.jpg

اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں 500 روپے فی من تک کا اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد گندم 3700 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد میں گندم کی طلب میں اضافےکےبعد فی من قیمت 3700 روپے تک پہنچ چکی ہے، جبکہ آٹا 4ہزار 100 روپےفی من کے حساب سے فروخت ہورہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق قیمت میں اضافہ ایک ہفتے کے دوران سامنے آیا، ایک ہفتے قبل گندم کی فی من قیمت 3200 روپے تھی، جبکہ آٹا فی کلو 100 روپے سے بھی زائد قیمت میں فروخت ہورہا ہے۔

چکی مالکان کے مطابق گندم کی وافر مقدار موجود ہے تاہم ذخیرہ اندوز متحرک ہوچکے ہیں، ضلعی انتظامیہ اور انتظامی افسران ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گندم کی مارکیٹ میں سپلائی یقینی بنانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

چکی مالکان کا مزید کہنا ہے کوٹہ سسٹم کا پیچیدہ نظام کی وجہ سے اس جھنجھٹ میں پڑنے سے گریز کرتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں اوپن مارکیٹ سے مہنگی گندم خرید کر مہنگے داموں آٹا فروخت کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں کی جانب سے انتظامیہ سےمطالبہ کیا گیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے مارکیٹ میں گندم کی سپلائی اور قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مہنگے داموں آٹے کی فروخت سے بچایا جاسکے۔