اپنی حدود میں رہ کر کام کیا، بولڈ کام نہیں کرسکتی،نازش جہانگیر

nazish-jahangir-2123.jpg


اداکارہ نازش جہانگیر نے بتادیا کہ وہ اداکاری کیلئے اپنی حدود کا تعین کرچکی ہیں، اس حدود میں رہتے ہوئے کام کرتی ہیں،’دی مزیدار شو‘ میں کام کے دوران اداکارہ نے کہا کہ وہ کبھی بھی، کسی بھی صورت میں بولڈ کام نہیں کرسکتیں۔

نازش جہانگیر کا کہنا ہے کہ وہ انہوں نے تھیٹر سے کیریئر کا آغاز کیا اور مجبوری کے تحت ہر طرح کے کردار کیے لیکن کبھی بھی بولڈ کردار کیلئے حامی نہیں بھری،مقبولیت بڑھانے کے لیے طرح طرح کے مشورے دیے گئے اور ان سے کہا گیا کہ وہ اپنی پی آر ٹیم رکھیں، بولڈ کردار کریں اور اسی طرح کے دیگر مشورے بھی دیے گئے۔

انہوں نے بولڈ کام کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی بھی فیشن شوز میں مختصر یا نیم عریاں لباس نہیں پہنیں گی، اگر کسی برانڈ کو تشہیر کروانی ہے تو وہ انہیں ان کی متعین کردہ حدود کے مطابق جسم کو مکمل ڈھانپنے والا لباس دیں،جس طرح وہ عروسی لباس کی تشہیر کرتی رہتی ہیں، اسی طرح وہ فیشن شوز میں بھی اسی شرط پر شرکت کریں گی، انہیں آستین کے بغیر یا تنگ لباس نہیں دیا جائے گا۔

نازش جہانگیر نے کہا کہ انہوں نے پی آر ٹیم کی خدمات حاصل کرنے کا منصوبہ نہیں بنایا اور نہ ہی انہیں اس وقت پیسوں سے سوشل میڈیا پر فالوورز خریدنے کی ضرورت ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ آج کل اسکرپٹ زیادہ اچھے نہیں آ رہے لیکن اسکرپٹ کی بہتری کے لیے کوئی آدمی کچھ نہیں کر سکتا اور ماحول بدلنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

کچھ عرصہ قبل ایک معروف اداکارہ نے حالیہ اسکرپٹس سے تنگ آکر اداکاری نہ کرنے کا اعلان کیا تھا مگر 6 ماہ بعد انہوں نے مسترد کیے گئے اسکرپٹ پر ہی کام کیا، کیوں کہ ان کے پاس اور کوئی آپشن نہیں تھا۔

انہوں نے علی عباس، بلال عباس اور وہاج علی کو بہترین اداکار قرار دیا جب کہ سجل علی اور صبا قمر کو بہترین اداکارہ قرار دیا،اب تک جتنی بھی اداکاراؤں کے ساتھ کام کیا ہے، ان میں سے وہ خود کو سب سے بہتر اداکارہ مانتی ہیں،اپنی زندگی اور فیلمی کے بارے میں بھی اداکارہ نے پروگرام میں تفصیلات شیئر کی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی پیدائش اسلام آباد میں ہوئی مگر شوبز میں کیریئر بنانے کی وجہ سے وہ کراچی منتقل ہوئیں اور کئی ماہ تک انہوں نے خود کو محدود کر رکھا،7 ماہ تک ساحل سمندر بھی نہیں گئی، شوبز میں بھی ان کی دوستیاں کم ہیں،انہیں اپنے تمام جسمانی خدوخال پسند ہیں اور وہ کبھی بھی کسی طرح کی کوئی میک اپ سرجری نہیں کروائیں گی،اداکارہ نازش جہانگیر ٹھیس، تہمت، کم ظرف، مکافات اور سراب‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کرکے شائقین کے دل جیت چکی ہیں۔