اچھی خبر ، پاکستان بین الاقوامی زیتون کونسل کا ممبر بن گیا

olive.jpg


پاکستان کو باقاعدہ طور پر بین الاقومی زیتون کونسل کا رکن تسلیم کرلیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقومی زیتون کونسل کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عبدالطیف غدیرہ نے چکوال میں قائم بارانی زرعی تحقیقاتی ادارے کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، اجلاس کےدوران بارانی زرعی تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر محمد رفیق ڈوگر نے شرکاء کو بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالطیف غدیرہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آب و ہوا زیتون کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں ہے، یہاں زیتون کی نہ صرف معیاری پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے بلکہ یہاں پیداوار کو بڑھانے کے امکانا ت بھی کافی روشن ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ بین الاقوامی زیتون کونسل کا رکن بننے کے بعد پاکستان کو زیتون کی کاشت اور پیداور حاصل کرنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ پاکستان میں اس شعبے کو ترقی دی جاسکے۔

بین الاقومی زیتون کونسل کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عبدالطیف غدیرہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں زیتون کی پیداوار کے بعد اس کے تیل اور دیگر مصنوعات کو بین الاقومی منڈیوں تک متعارف کروانے کیلئے بھی کونسل اپنا کردار ادا کرے گی جس سے زیتون کی بنی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں فروخت کرنے میں مدد ملے گی۔