ایرانی فضائی حدود میں دو پی آئی اے کے طیارے حادثے سے بال بال بچ گئے

7PIAtiarababababalbachgay.jpg

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے دو طیارے اتوار کو متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود کے قریب ایرانی علاقے میں فضا میں تصادم سے بال بال بچ گئے کیونکہ دونوں طیارے فضا میں ایک ہی راستے اور بلندی پر تھے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایرانی ایئر ٹریفک کنٹرول کی مبینہ غفلت کی وجہ سے دونوں طیارے خطرناک حد تک ایک دوسرے کے قریب آگئے تھے۔


ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا ایک بوئنگ 777 اسلام آباد سے دبئی جا رہا تھا جبکہ دوسرا طیارہ ایئربس اے320 دوحہ سے پشاور جا رہا تھا۔
کیپٹن سمیع اللہ ایئربس اے-320 جبکہ کپتان اطہر ہارون بوئنگ 777 اڑارہے تھے۔ تاہم جب دونوں طیارے قریب آئے تو ایک کو بلندی پر پرواز کرنے کا کہا گیا اور دوسرے کو معیاری طریقہ کار کے مطابق نیچے کی جانب پرواز کرنے کی ہدایت کی گئی۔

واضح رہے کہ تمام طیاروں میں ایک نظام ہوتا ہے جسے ٹریفک تصادم سے بچاؤ کا نظام کہا جاتا ہے، یہ خود بخود دوسرے ہوائی جہاز کے مذکورہ نظام کے ساتھ رابطہ کر کے ہوائی جہاز کی رہنمائی کرتا ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے ایرانی ایئر ٹریفک کنٹرول کو تحقیقات کے لیے لکھ رہی ہے کیونکہ ایرانی اے ٹی سی نے طیارے کو ہدایت کی تھی لیکن وہ غلط تھی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مذکورہ پرواز کے نیچے پرواز کرنے کی وجہ سے یہ پی آئی اے پی کے-211 کے طیارے بوئنگ 777 کے راستے میں آئی ہو گی۔ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ ہوائی جہاز کے ٹریفک تصادم سے بچاؤ کے نظام نے دونوں طیاروں کے لیے راستے کو درست کیا اور خود بخود ان کی رہنمائی کی۔