اینڈرائیڈ ،آئی فون سٹور سے 2021 میں کونسی ایپلیکیشنز زیادہ ڈاؤن لوڈ ہوئیں؟

app.jpg


2021 میں موبائل صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کے استعمال میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے کیونکہ رواں برس سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپس میں سے زیادہ تر کا سوشل میڈیا ایپس ہیں، جو مختلف اسٹورز میں مختلف ہیں۔

ایپلی کیشنز کی ڈاؤن لوڈنگ کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ ایپ فگرز کے مطابق 2021 میں سب سے زیادہ جس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیا گیا وہ شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک ہے۔ اس سال میں ٹک ٹاک کو 58 کروڑ 60 لاکھ سے زائد نئے صارفین نے ڈاؤن لوڈ کیا۔

ٹک ٹاک کے بعد جس ایپ کو سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا وہ انسٹاگرام ہے اور رواں برس اسے 56 کروڑ 60 لاکھ صارفین نے ڈاؤن لوڈ کیا۔ علاوہ ازیں میٹا کی ایپس فیس بک اور واٹس ایپ بالترتیب 47 کروڑ 40 لاکھ اور 44 کروڑ 40 لاکھ ڈاؤن لوڈز کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہیں۔

دوسری جانب واٹس ایپ کی پرائیویسی پالیسی کے تنازع کی وجہ سے اس سال ٹیلی گرام کی مقبولیت میں اضافہ ہوا جو 36 کروڑ 50 لاکھ ڈاؤن لوڈز کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہی۔

اس کے بعد اسنیپ چیٹ کا نمبر ہے جو 32 کروڑ 80 لاکھ ڈاؤن لوڈز کے ساتھ چھٹے، میسینجر 32 کروڑ 20 لاکھ ڈاؤن لوڈز کے ساتھ ساتویں نمبر پر رہی۔ اس کے ساتھ زوم 30 کروڑ 90 لاکھ ڈاؤن لوڈز کے ساتھ آٹھویں، کیپ کٹ 22 کروڑ 30 لاکھ ڈاؤن لوڈز کے ساتھ نویں اور گوگل میٹ 21 کروڑ ڈاؤن لوڈز کے ساتھ اس فہرست میں دسویں نمبر پر ہے۔