ایون فیلڈریفرنس،نواز شریف سے8ملین پاؤنڈ جرمانے کی وصولی کیلئے نیب ان ایکشن

1.jpg

نیب لاہور نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے 8 ملین پاؤنڈ جرمانے کی وصولی کیلئے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ نیب نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو نواز شریف کی جائیدادیں فروخت کرنے کیلئے مراسلے ارسال کر دیے ہیں۔

نیب کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا کہ احتساب عدالت اسلام آباد نے نواز شریف کو 2018 میں 10 سال قید اور 80 لاکھ پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ سزا کے خلاف نواز شریف نے اپیل دائر کی لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپیل مسترد کی جبکہ سپریم کورٹ میں اپیل نہ کرنے کی وجہ سے نوازشریف کو دی گئی سزا حتمی تصور ہوگی۔


نیب کا مؤقف ہے کہ نواز شریف نے جرمانے کی رقم تاحال جمع نہیں کرائی، اس لئے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے جائیدادیں فروخت کی جائیں اور جرمانے کی رقم وصول کی جائے۔ یاد رہے کہ شریف خاندان پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نےغیر قانونی ذرائع کی مدد سے حاصل کی گئی رقم سے لندن کے مہنگے ترین علاقے مے فیئر اور پارک لین کے نزدیک واقع 4 رہائشی اپارٹمنٹس خریدے۔

احتساب عدالت نے اس ریفرنس میں نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور ان کے داماد کیپٹین ریٹائرڈ صفدر کو جیل، قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ جس کے بعد نواز شریف علاج کے لئے لندن گئے تھے اور تاحال واپس نہیں آئے۔