ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان نے اپنے آخری کالم میں کیا کہا تھا؟

aakhr1213.jpg

پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان نجی اخبار روزنامہ جنگ کیلئے سیاسی، سماجی، عسکری اور دیگر موضوعات پر خصوصی کالم لکھا کرتے تھے۔

انہوں نے اپنے آخری کالم میں لکھا ہے کہ اب تک مجھے ہزاروں ہمدردوں سے نیک خواہشات بذریعہ ای میل اور واٹس ایپ موصول ہو رہی ہیں۔

ڈاکٹر اے کیو خان کا کہنا تھا کہ میری صحت پہلے سے بہتر اور خطرے سے باہر ہے، بس تھوڑی کمزوری ہے وہ بھی ان شااللہ جلد دور ہوجائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ میرا رب کبھی مجھے تنہا نہیں چھوڑے گا۔

انہوں نے عوام کو ایک مشورہ دیا کہ ریڈیو پاکستان صبح 7بجے سے رات تک صوت القرآن کے نام سے تلاوت قرآن مع اردو ترجمہ پیش کرتا ہے یہ بہت ہی اعلیٰ پروگرام ہے آپ دکان میں، بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز میں نرم آواز یعنی ہلکی آواز میں اس کو لگائیں۔

انہوں نے کہا کہ آواز اُونچی، لوگوں کو ہراساں کرنے والی نہ ہو۔ آپ اللہ کے احکامات سن سن کر ان پر عمل کرنے لگیں گے۔ اور عوام بھی۔

یاد رہے گذشتہ روز ایٹمی پاکستان کے خالق اور سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے باعث 85 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، وہ طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔

بعد ازاں ایٹمی سائنس داں قومی ہیرو پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ایچ ایٹ قبرستان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان، صدر مملکت سمیت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ن نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر کے انتقال پر اظہارافسوس کیا تھا۔