بابراعظم ارطغرل ہیں اور ہم اس کے سپاہی : فاسٹ بولر شاہین آفریدی

afridi-khan%20shah.jpg


نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کپتان بابراعظم کو ترکش سپہ سالار ارطغرل غازی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بابراعظم میرے فیورٹ کھلاڑی ہیں، وہ نمبر ون پلیئر ہیں۔

شاہین نے کہا میں اور رضوان ہمیشہ انہیں کہتے ہیں کہ آپ بتائیں ہمیں کیا کرنا ہے کیونکہ وہ ہمارے ارطغرل ہیں اور ہم ان کے سپاہی ہیں۔ میں جب سے لاہور قلندرز کے ساتھ منسلک ہوں، عاطف رانا اور عاقب جاوید نے ہمیشہ ساتھ دیا ہے۔

پاک بھارت میچ پر ان کا کہنا تھا کہ میچ سے قبل عجیب سا ماحول بن جاتا ہے کہ یہ پاک بھارت جنگ ہے، میں نے سوچ رکھا تھا کہ جب بھی بھارت کے خلاف موقع ملا تو اچھی کارکردگی دکھاؤں گا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہونے والے پاک بھارت میچ سے قبل شاہد آفریدی سے بھی بات ہوئی تھی انہوں نے مشورہ دیا تھا کہ گراونڈ میں اپنی بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرو۔


بھارتی بلے باز روہت شرما کو آؤٹ کرنے کے پر شاہین کا کہنا تھا کہ روہت کے خلاف پلاننگ سے بولنگ کرائی مجھے یاد تھا کہ وہ عامر کے خلاف ان سوئنگ گیند پر آؤٹ ہوئے تھے جس کا میں نے بھی فائدہ اٹھایا۔ کے ایل راہول کی وکٹ میرے کیریئر کی بہترین وکٹوں میں سے ایک ہے۔

قومی فاسٹ بولر نے کہا کہ بھارت کے ٹاپ تھری بیٹرز کو آؤٹ کرنے کے بعد ان کی ٹیم پریشر میں آ گئی جس کا فائدہ ہوا۔ بھارت سے میچ جیتنے کے بعد میں نے فون بند کر دیا تھا سوائے والدین کے کسی سے بات نہیں کی، البتہ سیمی فائنل میں شکست پر مجھے بہت صدمہ ہوا تھا، اپنے اسپیل میں تین چھکے لگنے پر رویا تھا۔

 
Last edited: