بابر اعظم کی بیٹنگ دیکھتے ہوئے باکسر محمد علی کی یاد آتی ہے:ویوین رچرڈز

viv-riched-and-psl-babar.jpg


کرکٹ سے متعلق خبریں دینے والے ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ویوین رچرڈز نے کہا کہ بابراعظم عظیم باکسر محمد علی کی طرح کسی کو بہت جلد ناک آؤٹ نہیں کرتا مگر میچ کے اختتام تک اپنا کام دکھا دیتا ہے، انہوں نے کہا پی ایس ایل دنیا کی بہترین ٹی 20 لیگز میں سے ایک ہے۔

انہوں نے قومی کپتان کی تعریف ان الفاظ میں کی کہ مجھے بابراعظم کی بیٹنگ دیکھتے ہوئے محمد علی کی یاد آتی ہے، نوجوان بیٹر بھی ایک کلاسی باکسر کی طرح ہیں جو فوری طور پر ناک آؤٹ نہیں کرنا چاہتے مگر جب میچ ختم ہو تو حریف زخموں سے چور ہوتا ہے اور وہ اپنا کام کرچکے ہوتے ہیں۔

سرویوین رچرڈز نے کہا کہ بابراعظم حریف کو پنچ لگانے کا سلسلہ جاری رکھتے اور ایک کلاسک بیٹر ہیں، ٹی 20 کرکٹ میں نام کمانے کے خواہش مند کرکٹرز کو ان سے سیکھنا چاہیے کہ ہر گیند پر چھکا لگانے کی ضرورت نہیں ہوتی، گیپ میں کھیلنا اہم ہے، بابر اعظم یہ کام بخوبی کر رہے ہیں۔

ویوین رچرڈز نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز سے اچھی کارکردگی کی امید ہے، ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے امید جاگی ہے مگر میں پاکستان کو بھی منظر نامے سے باہر نہیں کرسکتا۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں کئی سال سے بہترین کرکٹرز ایکشن میں نظر آرہے ہیں،اسے بہترین ٹی ٹوئنٹی لیگز میں سے ایک قرار دیا جاسکتا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان نے یہ بھی کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ وابستہ ہونا میری خوش قسمتی ہے، میں اپنے اس تجربے سے 100فیصد لطف اندوز ہو رہا ہوں، فرنچائز نے ابتدا سے ہی مجھے ساتھ رکھا، ٹیم اونر ندیم عمر اس فرنچائز کے کھلاڑی اور تمام وابستہ افراد شاندار ہیں۔