بالی وڈ میں اقربا پروری سے بڑا مسئلہ نسل پرستی ہے، نوازالدین صدیقی

em1m2231.jpg


بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار نوازالدین صدیقی نے حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ کے رنگین چہرے کے پیچھے چھپے بھیانک روپ کو بے نقاب کر ڈالا، انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں اقربا پروری سے بڑا مسئلہ نسل پرستی کا ہے۔

اداکار نے کہا کہ مجھے کئی سالوں تک صرف اس لیے کام نہیں دیا جاتا تھا کیونکہ میرا رنگ سانوالا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب میں ممبئی آیا تو میں نے سوشل میڈیا پر اپنے لیے مذاق میں لکھا تھا "اب تیرا کیا ہوگا کالیا" یہ مشہور فلم شعلے کا ایک ڈائیلاگ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں بہت سے لوگوں کو صرف اس لیے کام نہیں ملتا کہ ان کا رنگ کالا ہے یا قد چھوٹا ہے۔ حالانکہ وہ لوگ بھی باصلاحیت ہوتے ہیں۔ اداکار نے کہا کہ میں اس تفریق کے خلاف ہوں اور شروع سے ہی اس کے خلاف آواز اٹھاتا آرہا ہوں۔


یاد رہے کہ نوازالدین صدیقی کا اب بھارت کے بڑے اداکاروں میں شمار ہونے لگا ہے وہ تلاش، گینگ آف وسے پور، لنچ باکس، بدلہ پور، بجرنگی بھائی جان، مام، منٹو، رات اکیلی ہے، سیکرڈ گیمز، سیریس مین و دیگر میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

انہیں رواں سال ان کے کامیڈی، ڈرامہ سیریل سیریس مین میں اداکاری کیلئے ایمی ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا ہے، یہ ڈرامہ نیٹ فلکس پر ریلیز کیا گیا تھا۔ ایمی ایوارڈ میں نامزدگی پر ان کا کہناتھا کہ ایوارڈ تب بڑا ہوتا ہے جب اسے کوئی بڑا دے، یعنی کسی قابل اعتماد پلیٹ فارم سے آپ تک پہنچے۔