بچوں کی قسم کھا کر کہتا ہوں میں نے کوئی گھڑی فروخت نہیں کی:زلفی بخاری

zulfi-bkk-df-watch-a.jpg


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کس حال میں ہے مگر حکومت کو گھڑیوں کی فکر کھائے جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق زلفی بخاری نے یہ بیان اے آروائی نیوز کے پروگرام "آف دی ریکارڈ" میں میزبان کاشف عباسی کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دیا اور کہا کہ میرا کسی گھڑی کی خرید یا فروخت سے کوئ تعلق نہیں ہے، گھڑی کے مبینہ خریدار سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ بیرون ملک جاچکے ہیں۔


زلفی بخاری نے کہا کہ شفیق کی ویڈیو دیکھیں تو ایسا لگ رہا ہے کہ وہ کوئی لکھی ہوئی تحریر پڑھ رہا ہے، جب میں نے کوئی ایسا کام کیا ہی نہیں تو میں کیسے مان لوں؟ میں اپنے بچوں کی قسم کھا کر کہتا ہوں میں نے کوئی گھڑی فروخت نہیں کی،ملک کس طرف جارہا ہے اور اس حکومت کو گھڑیوں کی فکر کھائے جارہی ہے، یہ صرف اس معاملے کا ایک ایشو بنانا چاہتے ہیں تاکہ عوام کی توجہ دیگر مسائل سے ہٹائی جاسکے۔

اپنی لیک آڈیو کے حوالے سے زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ اس آڈیو کا فرانزک ہونا چاہیے، اس میں بہت کٹ پیسٹ کیا گیا ہے، جس طرح یہ آڈیو بنائی گئی وہ پورا طریقہ ہی مضحکہ خیز ہے، آڈیو میں الفاظ مختلف جگہوں سے اٹھا کر بنائے گئے، میرا دعویٰ ہے کہ آڈیو کو فرانزک کیلئے بھیجا گیا تو سب کچھ کھل کر سامنے آجائے گا۔