بڑی کامیابی، یورپی پارلیمنٹ نے جی ایس پلس اسٹیٹس میں توسیع کی یقین دہانی

EU.jpg


یورپی پارلیمنٹ نے پاکستان کے جنرلائزڈ سکیم آف پریفرنسز (جی ایس پی) پلس اسٹیٹس میں توسیع کی یقین دہانی کروا دی۔

تفصیلات کے مطابق یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فابیو نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی اور جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں توسیع کے معاملے پر یقین دہانی کروائی، گورنر پنجاب سمیت برسلز میں پاکستانی سفیر ظہیر اسلم اورچوہدری پرویز اقبال لوسر نے جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں توسیع کے معاملے پر یورپی ارکان پارلیمنٹ کو اعتماد لینے کے لئے ملاقاتیں کی۔

گورنر پنجاب نائب صدر یورپی پارلیمنٹ کی دعوت پر 10 روزہ دورے پر یورپ میں موجود ہیں۔نائب صدر ڈاکٹر فابیو نے افغانستان میں امن کےلیے پاکستانی کردارکو سراہا جبکہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور بھارتی افواج کی امن کے خلاف سازشوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ڈاکٹر فابیو کے ساتھ ملاقات خوش آئند ہے، جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حوالے سے پرامید ہوں، پاکستان کے یورپ کے پارلیمانی ارکان سے خوشگوار تعلقات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی ایس پی پلس کی وجہ سے پاکستان کو 20ارب ڈالرز کا فائدہ ہوچکا ہے، پاکستانی حکومت یورپی یونین کےتمام کنونشنز پر عملدرآمد کس یقینی بنا رہی ہے۔

اس سے قبل یورپی یونین کی بین الاقوامی تجارتی کمیٹی (آئی این ٹی اے) نے پاکستان کا جنرلائزڈ سکیم آف پریفرنسز (جی ایس پی) پلس اسٹیٹس برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پاکستان نے یورپی ارکان پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا۔

یورپی کمیشن نے جی ایس پی پلس کی نئی شرائط پر بات کی ہے جن میں 6 نئے کنونشن شامل کیے گئے تھے۔یورپی کمیشن کا کہنا تھا کہ نئی شرائط میں معذور افراد کے حقوق، چائلڈ لیبر کا خاتمہ اور ماحولیات کا تحفظ کے کنوینشن شامل ہے۔

واضح رہے کہ ڈیوٹی فری رسائی پاکستانی مصنوعات کے لیے انتہائی اہم ہے تاکہ یورپی منڈیوں میں چین، ویتنام، بھارت اور ترکی سے آنے والی یکساں مصنوعات کے ساتھ اس کی برتری بھی برقرار رہے۔

یہ اسٹیٹس یورپی یونین کو برآمد کی جانے والی مصنوعات کی 66 فیصد اقسام میں ٹیرف کے مکمل خاتمے کی سہولت دیتا ہے۔​