بھارتی میڈیا کی جھوٹی خبروں کا بھانڈا پھوٹ گیا، ملاعبدالغنی کا ویڈیو پیغام



افغانستان اسلامی امارات کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر نے بھارتی میڈیا کی جانب سے کیے جانے والے پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں کہا کہ میری صحت اور زندگی سے متعلق تمام افواہیں من گھڑت اور جھوٹی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ میں زخمی ہوا ہوں اور نہ ہی اسلامی امارات سے کوئی اختلاف ہے۔


تفصیلات کے مطابق افغان نائب وزیراعظم نے مودی کی چالوں کو عملی جامہ پہنانے والے بھارتی میڈیا کی جھوٹی خبروں کا قلع قمع کر دیا ہے انہوں نے بتایا کہ میرے طالبان کی حکومت سے کسی قسم کے اختلاف کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ جو لوگ یہ خبریں چلا رہے ہیں وہ جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔



ملا عبدالغنی برادر نے اپنے ویڈیو پیغام میں اپنی صحت اور زندگی سے متعلق تمام افواہیں مسترد کر دیں انہوں نے کہا کہ میرا اسلامی امارات کی موجودہ حکومت (طالبان قیادت) سے کوئی اختلاف نہیں۔ افغان طالبان کی صفوں اور قیادت میں گہرا اتفاق اور محبت کا رشتہ قائم ہے۔




نائب وزیراعظم افغانستان اسلامی امارات نے مزید کہا کہ ہم اقتدار اور منصب کے لالچی لوگ نہیں۔ انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ قطر کے وزیر خارجہ کے دورے کے دوران میں سفر میں تھا، سفر میں ہونے کے سبب ملاقات میں شرکت نہ کرسکا۔ قطری وزیر خارجہ کا دورہ اچانک تھا، اگر میرے علم میں ہوتا تو ملاقات میں ضرور شرکت کرتا۔