بھارت: آئی فون آرڈر کرنیوالےشخص کو آئی فون کی جگہ صابن ، ویڈیو وائرل

ipnn1211.jpg


کبھی آپ کے ساتھ ایسا ہوا ہے کہ آپ نے آن لائن ای کامرس ویب سائٹ پر کوئی چیز آرڈر کی ہو اور آپ کو اپنی من پسند چیز نہ ملی ہو؟ کبھی اس کے سائز کا مسئلہ تو کبھی اس کی کوالٹی ویسی نہیں ہوتی جیسی اشتہارات میں دکھائی گئی ہوتی ہے۔

بھارت میں آن لائن ای کامرس ویب سائٹ "فلپ کارٹ" سے ایک شخص نے آئی فون 12 آرڈر کیا تو اس کے ساتھ ہاتھ ہو گیا، سمرن پال سنگھ نامی شخص نے آئی فون 12 کے ڈبے کو کھولا تو اس سے 5،5 روپے کے 2 صابن نکلے۔

سمرن پال سنگھ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر اس سارے واقعے کی ویڈیو بنائی تھی جو کہ بعد ازاں سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔


سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ سمرن پال سنگھ بھی ڈبے سے آئی فون کی جگہ صابن نکلنے پر حیران ہے۔ مذکورہ ویب سائٹ کو بھارت میں قابل اعتماد مانا جاتا ہے مگر اس واقعہ پر لوگ حیران ہیں۔ سمرن پال سنگھ نے ویب سائٹ انتظامیہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے ڈیلیوری سروس کمپنی سے بات چیت کے بعد اپنی غلطی تسلیم کر لی۔

کمپنی نے اس آرڈر کو منسوخ کر کے رقم سمرن پال سنگھ کے اکاؤنٹ میں بھیج دی ہے۔ اس ویڈیو کو دیکھنے والے سوشل میڈیا صارفین بھی اپنے تجربات شیئر کر رہے ہیں جن میں سے کچھ کا کہنا ہے کہ وہ کئی برسوں سے آن لائن خریداری کر رہے ہیں مگر ان کے ساتھ کبھی ایسا کچھ نہیں ہوا جب کہ کچھ کا کہنا ہے کہ کبھی کبھار ایسا بھی ہو جاتا ہے۔