ججز اور بیوروکریٹس کو پلاٹوں کی تقسیم کامعاملہ،سماعت کرنے والا بینچ تحلیل

4scplobech.jpg

اسلام آباد میں ججوں اور بیوروکریٹس کو پلاٹوں سے تقسیم سے متعلق کیس کی سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا بینچ جسٹس سجاد علی شاہ کی معذرت کے بعد تحلیل ہوگیا ہے۔

خبررساں ادارے ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں اسلام آباد میں بیوروکریٹس اور ججز میں پلاٹوں سے تقسیم سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

جسٹس سجاد علی شاہ نے مقدمے کی سماعت سے معذرت کی جس کے باعث بینچ تحلیل ہوگیا، جسٹس عمر عطاء بندیال نے بینچ ٹوٹنے پر کیس واپس چیف جسٹس آف پاکستان کو بھجوادیا ہے۔

اس سے قبل دوران سماعت جسٹس منصور علی شاہ نے وفاقی ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے حکام سے سوال کیا کہ آپ کے قانون میں ملازمین کے علاوہ مخصوص افراد کا بھی ذکر ہے، یہ مخصوص افراد کون ہیں؟

فیڈرل ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے وکیل نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان مخصوص افراد کا تعین سپریم کورٹ نے 2009 میں ایک کیس کے دوران کردیا تھا۔

یادرہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد کے سیکٹر ایف 14 اور ایف 15 میں بیوروکریٹس اور ججز کو رہائشی پلاٹس الاٹ کیے گئے تھے جس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ دیتے ہوئے ان پلاٹوں کی الاٹمنٹ کو معطل کردیا تھا۔